مرکزی وزیراطلاعات و نشریات ایم وینکیانائیڈو نے کہا ہے کہ دستور ہند کے
معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکرمذہب کی بنیاد پر ریزرویشن کے مخالف تھے۔ انہوں
نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی 126ویں یوم پیدائش کے موقع پر بی جے پی ایس سی
مورچہ کی جانب سے منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مذہب کی بنیاد پر
ریزرویشن کے نتیجہ میں صرف تبدیلی مذہب ہوگا۔ تبدیلی مذہب کے سبب سماجی
کشیدگی اور مذہبی عدم ہم آہنگی ہوگی ۔ خوشامد کی سیاست ختم کرنی چاہئے ۔
نائیڈو نے کہا کہ پسماندہ غربت کی بنیاد پر ریزرویشن دی جانی چاہئے
مذہب کی بنیاد پر نہیں۔ نائیڈو نے
انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ایک اور
پاکستان بننے کا خطرہ بڑھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی تلنگانہ حکومت کی جانب سے اعلان کرنے کے بعد
سے مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن کی مخالف ہے ۔ پارٹی نے وائی ایس راج
شیکھرریڈی اور چندرابابونائیڈو کے دور میں بھی اس کی مخالفت کی تھی۔ مرکزی
وزیر نے کہا کہ کانگریس اور بائیں بازو نے بڑا گناہ کیا جو سماج کو تقسیم
کرتے ہوئے ترقی کو نظرانداز کرنے کی ووٹ بینک کی سیاست میں ملوث رہے ۔
انہوں نے کہا ہم اسے درست کریں گے۔ ہندوستان اس کی فطری
خصوصیات اور اقدار کے سبب سیکولر ملک ہے اور یہ سیکولر برقرار رہے گا۔